کچھ ہمارے بارے میں

اس وقت دنیاکو اس بات کی جتنی شدید ضرورت ہے کہ اسے دارین کی فوزوفلاح سے ہمکنار کرنے والاراستہ کوئی بے لوث بندۂ خدا بتائے اتنی شدید ضرورت شاید اسلام کے آنے کے بعد کبھی نہیں رہی۔اسلام سے پہلے کے دور کو قرآن نے جاہلیت اولیٰ کا لقب دیاہے پتہ چلا کہ جاہلیت کے اور ایک دَور سے دنیا کو واسطہ پڑنا ہے جس زمانہ میں شرم وحیا،ادب وتہذیب، شرافت و پاکبازی کو بالائے طاق رکھ کر انسانی حقوق کو انتہائی بے دردی سے پامال کیا جارہا ہو جس دَور کے سب سے بڑے بد تہذیب خودکو تہذیب و شائستگی کے ٹھیکیدار سمجھتے ہوں آزادی کے نام پر ہر طرح کی آوارگی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہو ظلم و ستم کے بے تاج بادشاہ خو د کو عدل و انصاف کے عَلم بردار کہلوارہے ہوں جب زیور حیا و عصمت کو غلامی کا لیبل دے کر خلقِ خدا کو گمراہ کیا جارہاہوتہذیب و ادب اور حقوقِ انسانی کی حقیقی تعلیمات کا کُھلے عام مضحکہ اُڑایا جارہاہوجب نیکی کو گناہ اور گناہ کو نیکی سمجھا جارہا ہو ایسے زمانہ کے جاہیلت ثانیہ کا دَور ہونے میں کسے تردد ہوسکتا ہے ۔ ایسے وقت میں فطری مذہب (اسلام ) اور اس کی تعلیمات ہی انسان کو ہر قسم کے دھوکہ اور گمراہی سے بچا سکتی ہے ۔کبھی تعلیمات ِ خداوندی کی ترجمانی کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے کچھ بندوں کو باقاعدہ منتخب کرکے بھیجا جایا کرتا تھا جن کو مخصوص الفاظ میں نبی، رسول کہا جاتا ہے جب یہ سلسلہ آخری نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ختم ہوا تو یہ ذمہ داری قرآن و حدیث کا علم رکھنے والی جماعت کی طرف منتقل ہوئی۔


اہل حق با عمل علماءہر زمانہ میں اسلامی تعلیمات پر نہ صرف خود قائم رہے بلکہ ہمیشہ لوگوں کو بھی اس کی دعوت دیتے آئے ہیں ۔ ہمارے استاذ و شیخ حضرت اقدس مولانا مفتی احمد خانپوری دام مجدھم کی ذات بابرکات سے ہدایت کی نشرواشاعت کا بہت بڑا کام اللہ تعالیٰ کی جانب سے لیا جارہاہے ہمیں مسرت ہے کہ ہم اس ویب سائٹ کے ذریعہ حضرت کے علوم و دعوت کو عام کرنے کی اپنی سی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ۔


زائرین کو یہ بھی اطلاع دیتے ہیں کہ ہر سنیچر بعد نمازِ عشاءحضرت دام مجدھم کا درسِ حدیث جو مسجدِ انوار سورت میں ہوتا ہے آپ حضرات ہماری اس ویب سائٹ پر سن کر اس سے مستفید ہو سکتے ہیں ۔فقط